سازشی تھیوریاں ناکام ہو گئیں،وزیر داخلہ
اسلام آباد... وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کا انعقاد خوشگوار سنگ میل ہے۔ ناکام سیاستدانوں کی سازشی تھیوریاں ناکام ہو گئیں۔ صرف ایک شخص کے خلاف فیصلے دیئے جا رہے ہیں۔ نواز شریف تو نااہل ہو گئے لیکن مسلم لیگ(ن) نااہل نہیں ہو سکی ۔ اب اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام فیصلے کرتے ہیں۔ اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنا ہو گا ۔مسلم لیگ(ن) جنگ و جدل کا پروگرام نہیں رکھتی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کا انعقاد خوشگوار سنگ میل ہے۔ کچھ حلقوں نے جو شکوک وشبہات پیدا کر رکھے تھے ان ناکام سیاستدانوں کی سازشی تھیوریاں اور ماضی کی سازشیں ناکام ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعور بیدار ہو چکا ۔ پہلے کہا جاتا تھا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ فیصلے کراتی ہے لیکن اب اسٹیبلشمنٹ کی تعریف بدل چکی ہے۔ پاکستان کے 20 کروڑ عوام فیصلے کرتے ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔ ایک شخص کے خلاف فیصلے دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے فیصلوں کو تحفظ دیا جاتا ہے جبکہ نواز شریف کے خلاف ہونے والے فیصلوں کی وجہ سے ہم پوری دنیا میں شرمندہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے سے پہلے ووٹر جماعتوں کی کارکردگی کا جائزہ ضرور لین ۔ تبدیلی کے دعوے داروں کی تبدیلی کی حقیقت کو بھی مدنظر رکھیں۔