غیر یقینی صورتحال کا اثرسی پیک پرنہیں پڑیگا،خواجہ آصف
اسلام آباد... وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاسی کارکن کے طور پر کہتا ہوں کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے لیکن اس کا سی پیک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ موجودہ دور کی بھول بھلیوں سے انتہائی احتیاط سے گزرنا ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی مفاد ذاتی و ادارہ جاتی مفاد سے بالاتر ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہند نے سرحدی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔ لگتا ہے ہمسایہ ملک امن کیلئے راضی نہیں ۔ ہند نے کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی۔ دنیا کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ طالبان افغانستان میں ایک سیاسی عنصرہیں اوروہ ان کا بھی ملک ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں۔ افغان صدر کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کو افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کا کہا گیا تو ضرور کرینگے۔ امریکہ اگرکوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے توپہلے اپنی پالیسی میں توازن پیدا کرے ۔امریکی مفادات کے لئے ملکی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔