جرمنی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے غیرملکیوں کی تعداد 6 لاکھ ہو گئی
برلن۔۔۔جرمن حکومت نے کہا ہے کہ 2017ء کے اختتام تک ملک میں سیاسی پناہ حاصل کرنیوالے غیر ملکیوں کی تعداد 6 لاکھ سے زائد ہو چکی تھی۔ زیادہ تر پناہ گزینوں کا تعلق شام، عراق اور افغانستان سے ہے۔برلن میں بائیں بازو کی سیاسی جماعت دی لنکے کی درخواست پر حکومت نے ملک میں بسنے والے پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کئے جس کے مطابق 2017ء کے آخر تک جرمنی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کی مجموعی تعداد6 لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔ ان میں 3 لاکھ 26 ہزار سے زائد کا تعلق جنگ زدہ ملک شام سے، ایک لاکھ سے زائد عراقی جبکہ40 ہزار سے زائد افغان باشندے شامل ہیں۔ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ 73 ہزار سے زائد تارکین وطن کو انسانی بنیادوں پر جرمنی میں عارضی قیام کی اجازت دی گئی ہے۔ ان میں پناہ کے ایسے درخواست گزار بھی شامل ہیں جنہیں مختلف وجوہ کی بنا پر جرمنی سے ملک بدر نہیں کیا جا سکتا۔ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر ابھی تک فیصلے نہیں کیے گئے۔