اسلام آباد...وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑدی جھوٹ بولنانہیں چھوڑا۔ان کا بیان جھوٹ پرمبنی اور انتہائی افسوسناک ہے۔ ن لیگ قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گلالئی سیاسی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ گلالئی جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے اس لیگی رہنما کا نام بتائیں جس نے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وفادار اور مخلص کارکنوں کی موجودگی میں کسی باہر والے کو ٹکٹ دینے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی گنجائش ہے۔دریں اثناءمسلم لیگ ن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کابیان شرمناک،مضحکہ خیز،بے بنیاداورجھوٹ پرمبنی ہے وہ کس کی زبان بول رہی ہیں یہ پتہ لگاناضروری ہے؟ گلالئی سینیٹ ٹکٹ کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام بتائیں۔ترجمان کے مطابق پارٹی نے عائشہ گلالئی کےخلاف قانونی کارروائی کرنےکافیصلہ کیا ہے۔و اضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ن لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا۔کہا گیا کہ آپ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے تاہم (ن) لیگ کی آفر مسترد کر دی۔