Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

پاکستان میں بجلی کی فاضل پیداوار

  حکومت پاکستان نے بجلی کی پیداوار میں اضافے کےلئے شروع کئے جانےوالے مختلف منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے۔2013ءسے اب تک سسٹم میں 7759میگاواٹ بجلی کااضافہ کیا گیا ہے۔8600گرڈ اسٹیشنز میں سے 5279سے زائدگرڈ اسٹیشن پر کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی جبکہ واجبات کی وصولی، بجلی چوری کی روک تھام اور زائد بلنگ کے مسئلہ کے حل کےلئے بھی مثبت اقدامات کے اثرات سامنے آ رہے ہیں ۔ سی پیک کے تحت لگنے والے پورٹ قاسم پاور پلانٹ نے آزمائشی بنیادوںپر بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے اور کوئلے سے چلنے والے اس منصوبے سے ابتدائی طور پر 120میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے ۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد 1320میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائےگی۔ رواں سال مارچ اپریل میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے 969 میگاواٹ اور تربیلا فور توسیعی منصوبے سے 1410میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل ہو جائےگی جس کے بعد موجودہ حکومت کی5سالہ مدتِ اختتام تک سسٹم میں شامل ہونے والی بجلی کی مجموعی پیداوار 11ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرجائےگی۔ وزارت پاور ڈویژن نے بجلی کی ترسیل ، تقسیم ، لوڈ شیڈنگ اور بلنگ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ نیٹ مانیٹرنگ اور دیگر معلومات حاصل کرنے کےلئے بھی روشن پاکستان کے نام سے موبائل ایپلیکیشنز کا اجراءکیا ہے جس سے صارفین کو بجلی کی دستیابی اور استعمال کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل ہوسکے گی۔ 2013ءمیں جب موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی تو بجلی کی پیداوار 9ہزار 279میگاواٹ تھی اور یومیہ 16سے 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ یومیہ ریکارڈ پیداوار حاصل ہو رہی ہے اور 5297فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کسی قسم کاکوئی امتیاز نہیں برتا جا رہا ۔ 
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: