کراچی ... ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں میں مفاہمت کے لئے پس پردہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگیا ۔ ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ نے فاروق ستار کو منانے کی ایک اور کوشش کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار اور عامر خان کے درمیان بھی رابطہ ہو ا ہے ۔ بہادر آباد گروپ کے رہنما سر دار احمد منگل کو پی آئی بی پہنچے اور فاروق ستار سے ملاقات کی ۔ دونوں گروپوں میں صلح کرانے سمیت اختلافی امور زیر بحث آئے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار احمد نے کہا کہ فاروق ستار کی واپسی کا اللہ جانے ۔ہم کوشش کررہے ہیں، امید پر دنیا قائم ہے۔بعد ازاں فاروق ستار نے میڈیا کے استفسار پر کہا کہ لگتا ہے سیاسی ویلنٹائن آنے میں کچھ دیر لگے گی۔اس سوال کہ کیا آپ پی ایس پی میں جانے والے ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے درخواست واپس لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک یہ معاملہ زیر غور ہے لیکن ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔ذرائع کے مطابق بہادر آباد اور پی آئی بی گروپ میں بات چیت ابھی ابتدائی مراحلے میں ہے ۔اہم شخصیات کی کوشش ہے کہ معاملا ت کو حل کرا دیا جائے ۔