حیدرآباد۔۔۔۔۔ملت کو درپیش اہم مسائل سے مسلمانوں کو واقف کروانے کیلئے آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈنے سوشیل میڈیا کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان مسائل اور امور پر بورڈ کے موقف سے مسلمانوں کو بہتر طور پر واقف کروایا جاسکے۔ بورڈ کی جانب سے اس سلسلہ میں سوشیل میڈیا ڈیسک بنایا جائیگا جس کی ذمہ داری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہوگی۔مولانا عمرین نے حیدرآباد میں بورڈ کے سہ روزہ اجلاس کے آخری دن میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشیل میڈیا ایک اہم ذریعہ ہے۔بورڈ نے فیس بک‘ ٹوئیٹر‘ ٹیلی گرام کا سہارا لیا ہے اور سوشیل میڈیا کی ایک ٹیم باقاعدہ طور پر اس پر کام کررہی ہے۔ اس ٹیم میں 20 تا 25 افراد شامل ہیں جو رضاکارانہ طور پر کام کررہے ہیں‘ ان کی تعداد میں اضافہ کی توقع ہے۔ انگریزی‘ اردو اور ہندی ملکی سطح کی زبانیں ہیں۔ اس میں ملت کے مسائل سے لوگوں کو واقف کروایا جائے گا اور اسکے ذریعہ ایک پیغام پہنچایا جائے گا۔ ان زبانوں کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں میں ترجمہ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ مسلمانوں کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اندرون 6 ماہ سوشیل میڈیا کا کام بورڈ مکمل کرلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے وقار کے خلاف جو باتیں ہورہی ہیں‘ وہ مناسب نہیں ۔ سوشیل میڈیا کے ذرائع سے استفادہ کرتے ہوئے بورڈ عوام تک اپنی بات کو رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کا سوشیل میڈیا سیل ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ اس سوال پر کہ آیا واٹس ایپ کا بھی گروپ بنایا جائے گا؟ تو انہوں نے کہا کہ بورڈ واٹس ایپ گروپنگ کے حق میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ آڈیو اور ویڈیوزمختلف مسائل پر سامنے لائے جائیں گے اور بورڈ اپنا نقطۂ نظر پیش کرے گا۔