کراچی ... ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار اور میرے درمیان لڑائی کا تاثر دیا جارہا ہے ۔یہ کہا گیا کہ عامر خان پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں عامر خان روہانسے ہوگئے اور کہا کہ کبھی عہدے کی تمنا نہیں کی۔ میرا احترام اور عزت کارکن ہیں، میرے خلاف جو باتیں کی جارہی ہیں مجھے کوئی فکر نہیں۔ کسی الزام کا کبھی جواب نہیں دوں گا۔ عامر خان نے کہا کہ 22 مئی 2011 کو میں دوبارہ ایم کیو ایم میں شامل ہوا تھا۔میرے سامنے شہدا کے اہل خانہ سے معافی مانگنے کی شرط رکھی گئی تھی۔ شہدا کے تذکرے پر وہ رونے لگے اور کہا کہ اس سے صرف 2ماہ قبل میرے بیٹے کو قتل کردیا گیاتھا ۔2 ماہ بعد ایم کیو ایم میں شمولیت کا مقصد اسی قتل و غارت کو روکنا تھا۔ چاہتا تھا کہ مہاجروں کے درمیان یہ لڑائی بند ہوجائے۔ اس موقع پر انہوں نے ساری زندگی کنوینر نہ بننے کا بھی اعلان کیا۔بیورو رپورٹ کے مطابق عامر خان نے کہا کہ اب بھی فاروق ستار کا انتظار ہے کہ وہ آئیں اور آکراجلاس بہادر آباد کے مرکز پر کریں۔