لاہور... مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے سینیٹ کی نشست کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا۔ تحریک انصاف لاہور کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسحاق ڈار عدالتی اشتہاری ہیں۔ ان کے خلاف کرپشن کے مقدمات زیر التواءہیں اور وہ آرٹیکل 62 کی شرائط پر پورا نہیں اترتے۔ درخواست گزار کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اسحاق ڈار کے دستخط جعلی ہیں۔کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک دستاویزات بھی جعلی ہیں۔ اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔ دریں اثناءتحریک انصاف نے وزیر اعظم شاہد خاقان کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔