Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 27 جون ، 2025 | Friday , June   27, 2025
جمعہ ، 27 جون ، 2025 | Friday , June   27, 2025

ایم کیوایم ،زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے

فاروق ستار اور تنظیم کی پالیسی ساز رابطہ کمیٹی میں اختیار کا جھگڑا ہے،دیکھنا یہ ہے کہ وہ بچ پائیگی یا اسکے لوگ تتر بتر ہو جائیں گے 
کراچی (صلاح الدین حیدر..... بیورو چیف ) ایم کیو ایم ایک ایسی پارٹی جس نے پاکستان میں پہلی مر تبہ پوری سنجیدگی سے مڈل کلاس کو ابھارا تاکہ ملک کا مستقبل تابناک رہ سکے، آج زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی کوشش کررہی ہے لیکن معاملات گمبھیر نظر آتے ہیں۔ قصہ وہی سینٹ کی نشستوں کا ، جس پر گزشتہ پانچ روز سے پار ٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور تنظیم کی پالیسی ساز رابطہ کمیٹی میںدرمیان اختیار کا جھگڑا ہے جو اب انتہائی سنگین صورت اختیار کرگیا اور اگر یہ کہا جائے کہ ایم کیو ایم فی الوقت آکسیجن ٹینٹ میں ہے تو غلط نہ ہوگا۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی  اور ڈاکٹر فاروق ستار نے سینٹ کی چار خالی ہونے والی نشستوں پر نئے امیدوار بھیجنے کیلئے چند نام رکھے لیکن ایک فر د جسے کامران ٹیسوری کہتے ہیں حلق کا کانٹا بن گیا۔  فاروق ستار نے اپنے چار نام جس میں کامران ؎ٹیسوری ، اور سیٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے سابق سربراہ احمد چنائے، شامل ہیں الیکشن کمیشن کو پیش کردئیے۔ دوسری طرف رابطہ کمیٹی نے اپنے چار نام جس میں نسرین جلیل ، بیرسٹر فروغ نسیم، اور کشور زہرہ شامل ہیں الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے لیکن الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ وہ صرف ان نامو ں کو صحیح مانے گا جس پر فاروق ستار کے دستخط ہوںگے کیونکہ ایم کیو ایم پاکستان کے نام سے الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹر ڈ ہے اور سربراہ کا نام فاروق ستار کا لکھا ہو اہے۔ نسرین جلیل اور ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ پارٹی کی رابطہ کمیٹی ہی یہی حق رکھتی ہے۔ اس کے نام کو قبول کیا جائے، پار ٹی کے سربراہ کی کوئی حقیقت نہیں ہے لیکن کمیشن یہ بات ماننے سے انکار ی ہے۔دیکھنا یہ ہے کہ ایم کیو ایم کیا اس بار بچ پائے گی یا اس کے لوگ تتر بتر ہوجائیں گے ۔ یہ بقا کی جنگ ہے۔ 
 

شیئر: