کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات برقرار ہیں۔ فاروق ستار اور عامر خان نے سینیٹ کے لئے الگ الگ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے کامران ٹیسوری، احمد چنائے، فرحان چشتی، جسٹس (ر) حسن فیروز، نگہت شکیل مرزا، منگلا شرما ، سنجے پروانی، خواجہ سہیل منصور، قمر منصور، علی رضا عابدی اور شاہد پاشا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا اعلان کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی سے کوئی اختلافات نہیں، آخر میں 4 پہلوان ہی اکھاڑے میں اتریں گے ، صورتحال کو بہترکرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کی رکن سینیٹر نسرین جلیل نے فروغ نسیم، امین الحق، عبدالقادر خانزادہ، کشور زہرا ، عامر چشتی اور اپنے ناموں کا اعلان کیا۔ نسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیو ایم متحد ہے۔ نہیں چاہتے پارٹی تقسیم ہو۔ خدارا فاروق ستار اس بات کو سمجھیں، دشمنوں کو خوش ہونے اور ایم کیو ایم میں اختلافات سے تمام سیٹیں جیتنے کا موقع نہ ملے۔اتفاق رائے ہونے کی صورت میں بعض نام واپس بھی لئے جاسکتے ہیں۔دریں اثناءایم کیو ایم پاکستان میں اختلاف کا باعث بننے والے کامران ٹیسوری نے سینیٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔