پشاور.. مردان میں اسما قتل کیس میں گرفتار ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا ۔پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس صلاح الدین محسود نے گرفتار ملزم15 سالہ محمد نبی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ ملزم محمد نبی بچی کا قریبی رشتے دار ہے ۔آئی جی نے کہا کہ 25 دن میں کیس حل کیا ۔ اس دوران ایسی مشکلات بھی آئیں جس سے پولیس کا مورال کم ہو۔ جس دن واقعہ پیش آیا گاوں میں شادی کی تقریب تھی۔ ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات کی ۔ بچی سے زیادتی کی کوشش کی گئی تاہم مزاحمت اور چیخ و پکار کرنے پر اسے گلا دبا کرقتل کردیا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور گواہ نہ ہونے کے باعث کافی مشکلات پیش آئیں۔ کیس کو کرائم سین پر گنے کے کھیت میں ایک پتے سے ملنے والے خون کے قطرے سے ٹریس کیا گیا۔واضح رہے کہ مردان کے نواحی علاقے گوجر گڑھی سے بچی اسما گھر سے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی بعد میں اس کی لاش گھرکے قریب گنے کے کھیتوں سے ملی تھی۔