Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 20 جون ، 2025 | Friday , June   20, 2025
جمعہ ، 20 جون ، 2025 | Friday , June   20, 2025

تارکین وطن تجارت کو فروغ دیں ،ڈاکٹر سید علی محمود

 " جی 21 انڈین سعودی بزنس گروپ " کے اجلاس سے شرکاءکا خطاب
جدہ ( امین انصاری ) ہندوستانی مسلمان تجارت کو فروغ دیں ۔مملکت میں مقیم جو بھی ہندوستانی وطن عزیز جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں وہ اپنی جمع پونجی کو فضول خرچی میںصرف نہ کریں بلکہ تجارت کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید علی محمود " جی 21 انڈین سعودی بزنس گروپ " کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں کئی عشروں سے مقیم بہت سے ہندوستانی آج وطن جانے کی بات کررہے ہیں ۔ ساتھ ہی ساتھ وہ پریشان ہیں کہ اپنی سرمایہ کاری کسطرح اور کہاں لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم میں تنہا تجارت کرنے کی صلاحیت نہیں تو ہمیں گروپ کی شکل میں باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ تجارت کرنا چاہئے ۔ تارکین وطن اپنا سرمایہ کسی بھی فرد کے حوالے نہ کریں بلکہ خود عملی طور پر تجارت کرنے کے مواقع تلاش کریں ۔ سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ ایک مدت تک نوکری کرنے کی وجہ سے یقینا ہمیں تجارت کا بہت کم تجربہ ہوتا ہے لیکن اگر ہم اجتماعی تجارت کو فروغ دیتے ہیں تو سرمایہ بھی کم لگے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت چھوٹی ہو یا بڑی خود کو اس کا حصہ سمجھنا چاہئے اور کاروبار کو سمجھنے کی حتی المقدور کوشش کرنا چاہئے۔ حسن بایزید نے کہا کہ حکومت اسمال اسکیل انڈسٹری کیلئے سرمایہ کاری کی نئی سہولیات مہیا کررہی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ا س کا مطالعہ کریں اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے ملنے والی سہولیات کا فائدہ اٹھائیں ۔ محمود مصری نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی تجارت سے شروعات کریں تاکہ تجربہ حاصل ہو اور کاروبار کے نشیب و فراز سے بخوبی واقفیت ہوسکے۔ شمیم کوثر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ دنیا میں وہی قوم اپنی شناخت بناتی ہے جو وقت اور حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے اور اپنا، اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی کئی دہائیوں سے مملکت میں مقیم ہیں۔ ہم نے مستقبل کیلئے کوئی پلاننگ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم تنہا یا پھر اجتماعی تجارت کو اپنائیں۔

شیئر: