پشاور... حکومت خیبرپختونخوا کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے 2013 سے اب تک ہیلی کاپٹروں کو سرکاری ضرورت کے سوا کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا۔ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر کبھی اپنے ذاتی مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا۔ کمرشل ریٹس پر ہیلی کاپٹر ہائر کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ میڈیا میں جن دوروں کا ذکر کیا گیا ہے وہ تمام سرکاری دورے ہیں۔ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں 39 سرکاری دوروں میں عمران خان صوبائی وزراءاورمشیروں کے ساتھ تھے ۔ اس دوران ہیلی کاپٹر75 گھنٹے استعمال کیا گیا، جس کے فیول چارجز 2.1 ملین روپے ہیں۔ترجمان نے مزید کہاکہ عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر کبھی سیاسی جلسوں کیلئے استعمال نہیں کیا۔اس سلسلے میں پروپیگنڈہ بے بنیاد اور حقائق کے بالکل برعکس ہے ۔حکومت خیبرپختونخوا شفافیت اور ذمہ دارانہ حکمرانی پر یقین رکھتے ہوئے ہیلی کاپٹروں کے استعمال پر نیب کی انکوائری کا خیر مقدم کرتی ہے ۔