کراچی..کراچی کے علاقے ڈیفنس میں صوبائی وزیر پلاننگ اور ڈیولپمنٹ میر ہزار خان بجارانی اور اہلیہ کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں کے جسم پر گولیوں کے نشان موجود ہیں۔ لاشوں کو کمرے کا دروازہ توڑ کر نکالا گیا۔ میر ہزار خان بجارانی پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 1988 میں سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی کی اہلیہ فریحہ رزاق بھی 2002 سے 2007 تک خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکی ہیں۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ قتل ہے یا خودکشی اس کا فیصلہ تحقیقات سے ہوگا۔ بجارانی گزشتہ روز کابینہ میں میرے ساتھ تھے اور بہت خوشگوار موڈ میں تھے۔ایسا شخص خودکشی کر ہی نہیں سکتا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیرمین آصف زرداری نے تعزیتی بیان میں کہا کہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی ناگہانی موت کی افسوسناک خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوںنے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو معاملے کی تحقیقات کر کے فوری رپورٹ دینے کا حکم دیا۔