انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ :پاکستان کی بغیر کھیلے تیسری پوزیشن
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں کھیلے جارہے انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں پوزیشن میچ کیلئے پاکستان نے افغانستان کو بغیر کھیلے ہرا دیا، جس میں بارش نے گرین شرٹس کا بھرپور ساتھ دیا ۔سیمی فائنل میں پاکستان کی ہند کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد تیسری پوزیشن کیلئے افغانستان کے ساتھ میچ بارش کے باعث نہیں کھیلا جا سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس بھی نہ ہو سکا ، گرین شرٹس نے بغیر کھیلے ہی مقابلہ جیت لیا۔ میگا ایونٹ کے اس اہم میچ میںکوئنز ٹاون میں بارش نے افغانستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا حالانکہ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا تاہم اس بار قومی ٹیم افغانستان سے بغیر کھیلے کامیاب ہو گئی۔ گروپ ڈی میں پاکستان اور افغانستان کے پوائنٹس تو برابر تھے لیکن خوش قسمتی سے رن ریٹ زیادہ ہونے کے باعث پاکستان گروپ میں پہلے نمبر پر تھا۔پاکستان کا رن ریٹ 1.404جبکہ افغانستان کا 0.333 رہا۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے سری لنکا اور ائرلینڈ کی ٹیموں نے پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔گروپ میں پہلی پوزیشن ہونے کے باعث ورلڈ کپ میںتیسری پوزیشن کیلئے میچ کھیلے بغیر جیت پاکستان کے حصے میں آگئی۔ ایونٹ کے سیمی فائنل میں ہند کے ہاتھوں 203رنز سے بدترین شکست کے بعد ٹیم پاکستان فائنل میں پہنچنے سے محروم ہو گئی تھی۔3فروری کو فائنل میچ کیلئے ماونٹ مونگانی میں ہند کا آسٹریلیا سے ٹاکرا ہو گا۔