کراچی ...وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ5 ماہ کی مدت میں چند بڑے نوعیت کے معاشی اقدامات کریں گے۔ رواں مالی سال معاشی نمو کی شرح 6 فیصد رہے گی جو10 سال میں بلند ترین شرح ہے۔ رواں مالی سال300ارب ڈالر کی معیشت میں 18 ارب ڈالرکا اضافہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت میں کمی میںایل این جی نے اہم کردار ادا کیا۔ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہاہے، گیس وبجلی کی فراہمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ3 سال لگاتار ایکسپورٹ میں کمی کے تناظر میں ڈالر کی قدر کوفکسڈ رکھنا بڑی غلطی رہی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے عائد نئی ریگولیٹری ختم کردی جائے گی۔ معیشت کودستاویزی شکل دے رہے ہیں جسے ایمنسٹی کہا جارہا ہے۔ ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کے لئے انفرادی ٹیکس ریٹ کم کریں گے۔