نئی دہلی ۔۔۔۔۔ مشرقی دہلی کے سریشٹھ وہار میں آج صبح 2موٹر سائیکل سواروں نے اسکول بس ڈرائیور کو گولی مارکر بس میں سے ایک بچے کو اغوا کرلیا۔ ذرائع کے مطابق بس ویویکا نند اسکول کی تھی ۔26جنوری کے پیش نظر دہلی کے تمام علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جگہ جگہ پولیس دستے تعینات ہیں۔اتنے حفاظتی بندوبست کے بعد بچے کے اغوا ہونے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ذرائع کے مطابق بچہ نرسری کلاس کا طالب علم ہے۔ وہ اپنی بہن کے ساتھ صبح ساڑھے7 بجے اسکول بس میں سوار ہوا ۔بس میں تقریباً15،20بچے تھے۔ والدین نے بتایا کہ ان کے پاس اسکول بس کے حادثے کی اطلاع آئی تھی۔ وہ فوراً موقع پر پہنچتے تو اسکول بس سے بچے کے اغوا کے بارے میں معلوم ہوا۔اغوا کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں ہائی الرٹ جاری کرکے تفتیشی کارروائی شروع کردی ۔زخمی بس ڈرائیور کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔