انڈر۔ 19 کرکٹ ورلڈ کپ :افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
جمعرات 25 جنوری 2018 3:00
کرائسٹ چرچ :انڈر۔ 19کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کی ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کو 202رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر میزبان کو اس ایونٹ سے باہر کرکےسیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ انڈر۔ 19 ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں افغانستان کے نسبتا ناتجربہ کار کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیااورایک بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا۔ میزبان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ مقررہ 50 اوورز میں 309 رنز بنا کر ایک بڑا ہدف دیا۔افغان اوپنر رحمان اللہ گربازاور ابراہیم زردان نے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں نے بالترتیب 69اور68رنز بنائے۔ اس کے بعد باہر شاہ کے 67ناٹ آوٹ رنز اورعظمت اللہ عمارزئی نے 7چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے صرف 23گیندوں پر 66رنز بنا کر افغان ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔عظمت اللہ عمارزئی کو شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ 310رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی بلے باز افغان ٹیم کے سامنے بے بس نظر آئے۔کے ڈی کلارک کے 38رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی اسکور میں قابل قدر اضافہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ افغانستان کے مجیب نے14رنز دیکر 4جبکہ قیس احمد نے 33رنز دے کر4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان کی ٹیم گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔