کوٹ مومن .... سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو کام 20 برسوں میں نہیں ہوا وہ ہم نے 4 سال میں کر دکھایا۔ میرے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار آہستہ ہوئی ہے۔روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آرہی ہے۔اسٹاک ایکسچینج نیچے جارہی ہے۔ سازش کرنے والوں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پھرسر اٹھالیاہے۔ ملک میں انتشار پھیل رہا ہے۔ترقی کا سفر سست ہونے میں شاہد خاقان عباسی کا کوئی قصورنہیں، وہ بڑی جوانمردی سے کام کر رہے ہیں۔ اس بارے میں شاہد خاقان عباسی سے نہیں عدالتی فیصلے سے پوچھا جائے۔کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی لاڈلوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ نہیں عدالتی فیصلے کےخلاف ریفرنڈم ہے۔ آج کاجلسہ اس بات کااعلان ہے کہ عوام کومیری نااہلی کا فیصلہ قبول نہیں، عوام بتادیں کہ اس نے عدالتی فیصلہ مسترد کردیا ۔ الیکشن میں عدالتی لاڈلوں کو لگ پتہ جائے گا، انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، لوگ جانتے ہیں کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے نے اسپتال کا پیسہ جوئے پر لگایا۔