لاہور... سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ نااہلی کے فیصلے سے نواز شریف مضبوط ہوئے ہیں ۔ہمارے خلاف نیب ریفرنسز میں پیش ہونے والے گواہوں کو یہی نہیں پتہ کہ وہ کس چیز کی گواہی دینے آ ئے ہیں۔ گواہ خود کہتے ہیں کہ ہمیں یہ کاغذات پکڑائے گئے۔ حلقہ این اے 120 میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا کہ بادی النظر میں یعنی میرا خیال ہے کہ لندن فلیٹس جو نواز شریف کے بیٹے کے ہیں وہ نواز شریف کی ملکیت ہیں اور وہ جس نے کبھی کاروبار نہیں کیا ۔جس کے والد کوکرپشن پر نوکری سے نکالا گیا جس کا ہاتھ دوسروں کی اے ٹی ایم پر ہوتا ہے۔ اسے عدالت نے صادق اور امین قرار دیا حالانکہ اس نے اعتراف کیا کہ یہ پیسے میرے ہیں۔ آف شور کمپنی میں نے بنائی تھی ۔ سپریم کورٹ کہتی ہے نہیں ۔یہ اثاثے تمہارے نہیں ۔عمران خان نے عدالت میں بار بار اپنا موقف تبدیل کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ اس نا انصافی کا جواب انہیں دینا پڑے گا۔ نواز شریف کی 3 نسلوں کی حساب لیا گیا ۔بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا کیا۔ کیاکبھی کسی والد نے اپنے بیٹے سے تنخواہ لی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے۔ دھرنوں اور سازشوں کے باوجود نواز شریف نے ملک کے لئے کام کیا۔ جس شخص نے عوام سے تمام وعدے پورے کئے وہ شخص صادق اور امین ہے یا وہ ہے جس کی بات اس کے گھر والے تک نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو کوئی ایشو نہیں ملتا تو امپائر کی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں۔