ڈھاکا ۔۔۔بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کا علاج معالجہ کرنے والے ایک جاپانی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ متعدی مرض خناق پھیلنا شروع ہو گیا ہے جس کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش سے جاپان واپسی پر میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں جاپان ریڈ کراس سوسائٹی کی ڈاکٹر نوبوہیروکومیا نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں میں خناق پھیلنا شروع ہو گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ متعدی مرض لعاب دہن اور دیگر جسمانی رطوبات کے ذریعے ایک فرد سے دوسرے کو منتقل ہوتا ہے ۔ڈاکٹر کومیا نے واضح کیا کہ کیمپ میں گندگی اور گندے پانی کی نکاسی کی سہولیات کے بغیر کئی خیمے نصب کیے گئے تھے اور حفظان صحت کی صورتحال ابتر ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مرض کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہنا کہ خدشہ ہے کہ اس مرض میں 22 سو سے زیادہ افراد مبتلا ہوں گے۔ ایک مہینے کے دوران اس کے باعث 26 ہلاکتوں کی خبر ملی ہے۔