محمد عرفان شفیق ۔ کویت
یوم قائداعظم کے حوالے سےسفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان
کے ایڈیٹوریم میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسکول کے طلبہ سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان غلام دستگیر تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے ہواجسکی سعادت ذیشان نے حاصل کی۔ پروگرام میں سکول کے بچوں نے تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے جس میں قائداعظم کی تعلیمات اور پاکستان کا رنگ نمایاں تھا اور چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگرکیا گیا تھا۔




جس میں قائداعظم، مینار پاکستان، بادشاہی مسجد کی پینٹنگ بچوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت تھیں۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقررین نے قائد کےجن مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی ، وہ قابل فخر ہے۔ مجھےخوشی ہے ہمارے پاس ایسا ٹیلنٹ موجود ہے جو آج کے دور میں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے ہیروز کی تاریخ کو بھی یاد رکھتا ہے۔ ہم نے پاکستان بننے کےبعد اپنے قائد کی باتوں کو یکسر فراموش کر دیا جسکا خمیازہ ہماری قوم آج تک بھگت رہی ہے لیکن ہماری آنے والی نسلوں کو اس بات کا قابل قدر ادراک ہے اور ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب ہم اپنا کھویا ہو ا مقام دوبارہ حاصل کر لیں گے۔








