Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

تحریک قصاص شروع کرونگا،طاہر القادری

لاہور... پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف اپنی تحریک عدل چلانے کی تاریخ دیں اسی دن سانحہ ماڈل ٹاون پر ان کے خلاف قصاص کی تحریک شروع کرینگے۔ وثوق سے کہہ رہا ہوں اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے۔ 31دسمبر کی ڈیڈ لائن حتمی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت جاری ہے۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نواز شریف ظلم کا استعارہ ہیں۔ اگر ان کے ٹیلیفون سنے جائیں ،مرضی کے فیصلے ملیں تو یہ خوش ،ذاتی رعایت کو ہی انصاف سمجھتے ہیں۔ نواز شریف اب صرف میڈیا پر تحریک چلاتے نظر آئیں گے۔سڑکوں پر نکلنے کی ان میں ہمت اور جر ات نہیں۔ ماڈل ٹاﺅن کے قتل عام کے بعد نواز شریف ،شہباز شریف کو عدل و انصاف کا نام لیتے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف 26سال تک اقتدار میں رہے وہ بتائیں ۔انہوں نے کون سا نظام انصاف اور نظام عدل فراہم کیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے سینیٹ میں جا کر یہ پیغام دیا ہے کہ فوج کا ادارہ بھی جواب دہ ہے ۔اداروں پرمداخلت کی جو تنقید کی جاتی ہے یہ اس کا مثبت جواب ہے ۔اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا۔سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے استعفوں کے مطالبے کو حق بجانب سمجھتے ہوئے حمایت کرتے ہیں۔طاہر القادری حصول انصاف کیلئے جو احتجاجی تاریخ دیں گے مسلم کانفرنس آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ ساتھ کھڑی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو جمہوریت سے تشبیہہ دینا جمہوریت کی نفی ہے۔

شیئر: