لندن ..مسلم لیگ ن نے آئندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ لندن میں ہونے والے اجلاس میں قبل از وقت انتخابات کے امکان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا گیا کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔ جمعرات کو مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کا اجلاس لندن میں ہوا ۔ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرےگی اور آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی۔ خطرات ہمیشہ رہتے ہیں۔ جب سے پاکستان بنا ہے جمہوریت کو خطرات ہیں لیکن فکر نہ کریں ۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل نہ کرنے والی بات ایازصادق کی ذاتی رائے ہے۔ اسپیکر کو کوئی تحفظات ہیں تو دور کروں گا۔او آئی سی اجلاس سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا کام اس مسئلے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔اسلامی دنیا نے واضح موقف لیا ہے۔امید ہے امر یکہ ضرور کچھ سوچے گا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ الیکشن مہم اگلے ماہ سے شروع ہوجائے گی۔لیگی اراکین کے استعفوں کے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کے پاس کوئی استعفیٰ نہیں پہنچا۔