اسلام آباد... وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف استنبول میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس میں شرکت کیلئے منگل کو ترکی روانہ ہونگے ۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اوآئی سی کانفرنس میں شرکت کے بعد وزراءخارجہ کونسل اجلاس میں بھی شرکت کرینگے ۔وزیر اعظم شاہد خاقان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ا لقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے معاملے میں پاکستان کے موقف بیان کرینگے اور فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرینگے ۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم او آئی سی ممبران پر زور دینگے کہ وہ متحدہوکر اپنا موقف پیش کریں تاکہ امریکہ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی پر مجبور کیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ ترک صدر اردگا ن نے او آئی سی کا اجلاس طلب کیا ہے ۔