لاہور...وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف صف بندی کی جارہی ہے ۔تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حلقہ بندیوں کے حوالے قانون سازی کرنے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اب پرو بھٹو اور اینٹی بھٹو کی جگہ اینٹی اور پرو نواز سیاست ہو رہی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی حکمرانی یہ ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ اگر پاکستان میں آئین کی حکمرانی کی بات کی جائے تو اس کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے جسے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ماضی میں بھی ادا کی اور اب بھی ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین (ن) لیگ کی حکومت گرانے کے لئے اتحاد کررہے ہیں ۔بعض مخالف شیطان سے بھی اتحاد کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری اورعمران خان میں مقابلہ ہے کہ کون بڑی گالی دیتا ہے اور کون زیادہ الزام لگاتا ہے۔ یہ لوگ گالی دینے اور زیادہ ووٹوں کے چکر میں حدود سے آگے نکل جاتے ہیں۔ ہمیں نقصان پہنچانے کی خواہش میں پاکستان اور جمہوری نظام کو نقصان پہنچانا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری شاطر اور سمجھدار آدمی ہیں لیکن ان کی پارٹی بکھر چکی ہے ۔سندھ کے دیہی علاقوں تک محدود ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ سیاسی کردار اور کچھ روبوٹ ہیں۔ کچھ روبوٹس طاہرالقادری سے ملتے ہیں۔ ملکی سیاست میں چوہدری برادران کا رول روبوٹس کا ہے۔ انہوں نے کہا سیاسی جماعتوں کے جوڑ توڑ کا تجربہ فیل ہوچکا۔ لیاقت علی خان سے نواز شریف تک صرف وزیراعظم ہی نشانہ بنے۔ کسی نے 4 ڈکٹیٹروں سے سوالات کیوں نہیں کئے۔