اسلام آباد..پاکستان نے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو سے ا س کی والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت دے دی ۔اسلام آباد میں بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن سے اِس کی بیوی کو ملنے کی اجازت دی تھی۔ ہند نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ کلبھوشن کی اہلیہ سے پہلے اس کی والدہ کو ملنے کی اجازت دی جائے۔ترجمان نے کہا کہ فیصلے سے ہند کو آگاہ کردیا گیا ۔ کلبھوشن سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوسکتی ہے۔ ملاقات میں ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی اور سب کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان نے کلبھوشن سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس کی اہلیہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی تاہم ہند نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ والدہ کو بھی ملنے کی اجازت دی جائے۔ ایک سوال پردفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ہوچکا۔ امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے الزامات دو طرفہ تعلقات کو متاثر کرسکتے ہیں۔