خیرپور...سندھ کے وزیربرائے صنعت وتجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ آنے والے آئندہ چند ماہ سیاستدانوں اور حکمرانوں پربھاری ثابت ہوں گے۔ان دنوں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔کرپشن سے پاک عوامی مقبولیت رکھنے والے سیاستدان آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوںگے۔ عمران خان جلد نا اہل ہوجائیں گے۔ سیاست کو چھوڑ کر کرکٹ اکیڈمی قائم کرکے نوجوانوں کو کرکٹ کھیلناسکھائیں گے۔خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے مابین جلد سیاسی ملاقات کا امکان نظر آرہا ہے۔ بلاول اور مریم نواز کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ پہلے بھی کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے4دھڑے ہوںگے۔ چوتھا دھڑا بھی اب ظاہر ہوگیاہے۔انہوں نے کہا کہ گرینڈڈیموکریٹک الائنس چوچو کا مربہ ہے وہ ماضی کی طرح سیاسی راگ الاپ کر چپ ہوکر بیٹھ جائیں گے ۔ انہیں معلوم ہے کہ عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے ۔