امریکہ اور پاکستان ملکر کام کریں،اعزاز چوہدری
واشنگٹن ...امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن سینیٹر کوری بوکر سے کیپٹل ہل میں ملاقات کی۔ امریکی سینیٹر کو افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا ۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکہ افغانستان میں سیاسی تصفیے کے لئے ملکر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے نہ صرف داخلی سلامتی کے ماحول میں بہتری آئی بلکہ اس سے ملک کی معاشی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کے لئے روزگار اور خوشحالی کے مواقع پیدا ہوں گے۔سینیٹر کوری بوکر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سطح پر قریبی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔