جدہ.... اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی ، عرب لیگ، رابطہ عالم اسلامی ،مسلم ممالک خصوصاً بحرین ،کویت، سلطنت عمان، متحدہ عرب امارات ، فلسطین، الجزائر اور تیونس وغیرہ نے شمالی سیناءکے معروف شہر عریش کی الروضہ مسجد پر دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کر دی۔ او آئی سی نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ سیناءکی الروضہ مسجد پر حملہ کرنے والے اسلام کے دشمن ہیں۔ سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے اسے المناک حادثہ قرار دیا۔ انہو ںنے کہا کہ اس حملے کی اطلاع مل کر انہیں دلی صدمہ ہوا۔ بے قصور نمازیوں پر گھناﺅنا حملہ کرنے والے اسلام، مصر اور اس کے عوام کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مصری عوام مجرمانہ حملہ کرنے والوں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ او آئی سی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ ہے۔ انہو ںنے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی تعاون کو انتہائی ضروری قرار دیا۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے حملے پر شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے مصری قیادت ، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔ رابطہ عالم اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق اسلام کا موقف واضح ہے۔ اسلام دہشت گردوں کو مجرم گردانتا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی نے تمام بین الاقوامی تنظیموں ، اداروں اور عالمی ضمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردانہ جرائم سے نمٹنے کیلئے صف بستہ ہو جائیں۔ شاہ اردن عبداللہ ثانی نے مصری صدر کے نام پیغام میں مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ امیر کویت نے حملے کی مذمت کی اور مصر کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ سلطنت عمان نے مصر کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید موثر بنائیں۔ فلسطینی صدر نے بھی مصری صدر کے نام پیغام بھیجا اور اطمینان دلایا کہ فلسطینی عوام و قیادت آزمائش کی اس گھڑی میں مصری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے بھی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔