کراچی...سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستارنے کہا ہے کہ ہمیں خیرات نہیں ہمارا حق چاہیے۔ بدھ کو کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی والے خون پسینے کی کمائی حکومت کودیتے ہیں۔اس کمائی کے پیسے سے ہمیں ہرانے کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔پیسہ ہمارا ہے،کسی کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کچرا اٹھانے کی مشینیں لگارہے ہیں۔ سندھ حکومت پیسہ بٹورنے کی مشینیں لگارہی ہے۔ کراچی کے عوام کی خون پسینے کی کمائی سے لوگ ٹھاٹ کررہے ہیں۔ کراچی والوں کوسوچنا ہوگا کہ وہ سیکڑوں ارب سرکاری خزانے میں دیتے ہیں اور اس میں کتنا واپس ملتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چندمہینوں کی بات ہے الیکشن میں برساتی مینڈکوں کے خلاف مقدمے کروائیں گے۔ فاروق ستار نے کہاکہ ہروقت بینک اکاونٹ نہیں، عوام کا مفادبھی پیش نظر ہونا چاہئے۔کراچی کو سیکڑوں ارب کے ٹیکس کے عوض صرف 3 سڑکیں بناکر دی گئیں۔ساڑھے 7 ارب روپے میں جو سڑکیں بنائی گئی ہیں ہم ایسی9 سڑکیں بنادیتے، انہوں نے کہا کہ اب ہمیں عزت کے ساتھ جینے اور مرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ پہلے تالیاں بجانے اورتقریر سننے پر مقدمات بنتے تھے۔ الیکشن کا وقت آنے دیں عوام ان کی ایف آئی آر کاٹیں گے اور عوام ہی ان کا فیصلہ کرینگے۔