سی پیک پر پورا پاکستان متحد ہے،شاہد خاقان
گوادر...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت محض باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔سی پیک سے پاکستان میں بے پناہ ترقی ہوگی۔ اس سے پاک، چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ترقی و خوشحالی کے منصوبوں سے گوادر مچھیروں کے چھوٹے سے قصبہ سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا۔پاکستان فعال جمہوریت ہے۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ سی پیک پر پورا پاکستان متحد ہے۔سی پیک مشترکہ خوشحالی کا وژن ہے۔ بدھ کو گوادر بندر گاہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے گوادر کی بندرگاہ فری زون اور کوسٹل ہائی وے کے راستے کراچی تک نئے رابطے استوار ہوں گے۔ گوادر میں پائلٹ فری زون اس سال مکمل ہو گا، پورٹ پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، ایئرپورٹ کا افتتاح بھی جلد ہو رہا ہے۔اسی طرح پاور پلانٹ بھی جلد شروع ہو گا۔ گوادر میں ترقی و خوشحالی کیلئے 170 ارب روپے سے زائد کے منصوبے جاری ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف باتیں نہیں بلکہ کام کرتی ہے۔