لکی مروت...ریحام فاونڈیشن کی سربراہ اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ مجھ پر سرکٹ ہاﺅس کے دروازے بند کرنے والے جان لیں کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے میرے کےلئے اپنے گھروں کے دروزے کھول دیئے ہیں۔ کوئی میرے لئے راستہ بند کرسکتا ہے نہ دھمکی دے کر کہیں آنے جانے سے روک سکتا ہے کیونکہ میں پختون ہوں اور پختون صرف اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکاتے ہیں وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ مروت ا سپورٹس گالاکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کوئی فون یا ٹیکسٹ میسج پر میری آواز نہیں دبا سکتا۔ خیبر پختونخوا میں ڈیرہ، لکی، تورغر، چترال یا جہاں بھی جاوں گی عوام کے جائز حقوق کےلئے آواز اٹھاوں گی ۔اچھی طرح جانتی ہوں کہ پچھلے4 سال سے یہاں کیا ہورہا ہے۔ صحافی خطرے سے دوچار ہیں۔ وزراءکے خلاف لکھنے والوں پر قاتلانہ حملے ہورہے ہیں۔ پختون بار بار دھوکہ نہیں کھاتے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ پانی اور روزگار کی کمی جیسے مسائل سے متعلق آواز اٹھائیں۔