اسلام آباد ... وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پر امن طریقے سے فیض آباد انٹرچینج کو خالی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پیرکو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عدالت نے مجھے اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا۔انہیں اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔علما اور مشائخ نے بھی کوششوں کو شروع کیا ہے۔ نہیں چاہتے کہ ربیع الاول میں کوئی کشیدہ صورتحال ہو۔ طاقت کے استعمال سے خونریزی کا خدشہ ہے۔ اطلاعات ہیں کہ دھرنے میں موجود کچھ عناصر انتشار چاہتے ہیں۔سازشی چاہتے ہیں کہ ملک میں لال مسجد اور ماڈل ٹاون جیسا سانحہ ہو۔ دھرنے والے ختم نبوت کی خدمت نہیں بلکہ ملک دشمنوں کو خوش کررہے ہیں۔ مظاہرین نے معاہدے کی خلاف ور زی کی ہے۔مستقبل میں کسی کودھرنا دینے نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے حالات کسی قسم کے تصادم کی اجازت نہیں دیتے۔ پاکستان کے دشمن اس دھرنے کو پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔