کراچی کی ترقی کیلئے تعاون کرینگے،شاہد خاقان
کراچی .. وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے اتوار کو کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی۔ صوبہ کی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں پیش رفت، معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہد خاقان نے کہا کہ وفاق پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ا نہیں ہر قسم کی سہو لتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کراچی ملک کی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو تے ہیں۔ کراچی میں دیر پا امن و امان کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا تعاون جاری رہے گا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،صنعت کار ، تاجر اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔وفاقی کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔