اسلام آباد... کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم شاہد خاقان کی زیرصدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔گوادر ائیر پورٹ کی تعمیر ،فری پورٹ،بندر گاہ کی توسیع اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سمیت سی پیک کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور ترجمان مصدق ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کمیٹی نے گوادر کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر ایران سے بجلی کی در آمد سے متعلق تجویز پر تفصیلی غور کیا۔ پاکستان ،ایران پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کی صورت میںگیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کر نے کو تیارہے۔انہوںنے کہاکہ چین نے گوادر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر کیلئے22 ارب روپے سے زائد گرانٹ فراہم کی ہے۔ منصوبے پر کام آئندہ سال کے وسط تک شروع کر دیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت گوادر میں بارش کے پانی پر انحصار ختم کر نے کی حکمت عملی بھی تیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت9 خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائینگے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کی نمائندگی ہو گی۔ حکومت نے صنعتی اقتصادی زونز قائم کر نے والی تجارتی کمپنیوں کیلئے کسٹم ڈیوٹی میں5 سالہ چھوٹ اور جون 2020 سے پہلے کام شروع کر نے والی صنعتوں کیلئے ٹیکس سے10 سال استثنیٰ کااعلان کیا ہے۔