Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 20 جون ، 2025 | Friday , June   20, 2025
جمعہ ، 20 جون ، 2025 | Friday , June   20, 2025

ممتا حکومت کی جانب سے گائے کی تقسیم کا اعلان

     کولکتہ- - - - -مغربی بنگال  میں  پنچایت چناؤ  آئندہ سال  ہونے والے ہیں لیکن ممتابنرجی  کی حکومت نے  اعلان کیا ہے کہ  ان انتخابات سے قبل  ان دیہی علاقوں میں ہر خاندان کو ایک گائے دی جائیگی جہاں  پنچایت چناؤ ہونے والے ہیں۔  ریاست کے  مویشی پروری وزیر  سوپن دیوناتھ  نے  بدھ کو  اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس پروگرام سے دیہی علاقوں کے خاندانوں کو خود کفیل بننے میں مدد ملے گی۔  اس کے ساتھ ہی  ریاست میں  دودھ پیداوار  میں بڑے پیمانے پر  اضافہ متوقع ہے۔  ریاستی وزیر نے  اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  دیہی  علاقوں میں رہنے والے خاندانوں  میں  گائے تقسیم کرنے کا عمل جلد  ہی شروع کردیا جائیگا جبکہ اگلے سال کے ابتدائی مہینوں میں  اس کام کو پورا کرنے کا  ہدف بھی مقرر کرلیاگیا ہے۔  مویشی پروری کے وزیر  کے مطابق ریاستی حکومت ضلع کے  ان خاندانوں کو گائے دیگی جو  پنچایت  حدود میں آتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ  سرکار  اِن خاندانوں کو خود کفیل بنانے کا پہلے ہی سے  پروگرام رکھتی ہے  حالانکہ گائے  کافی نہیں ہوگی، اس کیلئے  دوسرے پروگرام بھی شامل کئے جارہے ہیں تاہم  گائے کو  اہمیت دی جائیگی۔ امید ہے کہ  حکومت کے اس اقدام سے  ریاست میں  دودھ کی  پیداوار میں جو کمی آئی ہوئی ہے وہ پوری کی جاسکے گی۔ مغربی بنگال میں  دودھ کی زیادہ کھپت ہے اور مانگ کے مطابق اس کی فراہمی نہیں ہورہی لہذا حکومت نے دیہی علاقوں کی ترقی پر  توجہ مرکوز کردی ہے۔  انہوں نے کہا کہ  اس کام کیلئے دودھ دینے  والی گائے اور دوسرے مویشیوں کو  دوسری ریاستوں سے  درآمد کیا جائیگا۔  دریں اثناء  ریاستی وزیر سے لوگوں نے سوال کیا ہے کہ کیا  ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں کسی الیکشن کو  جیتنے کیلئے  ہندو کارڈ  کھیلا جارہا ہے؟  تو انہوں نے کہا کہ  دیہی  علاقوں میں  گائے تقسیم کرنے کا  پروگرام  پنچایت چناؤ سے ملحق نہیں  بلکہ  ایسا تو سوچنا بھی نہیں چاہیئے ۔ حکومت  کے پروگرام کے مطابق ہر خاندان کو گائے دی جائیگی  کیونکہ  ترنمول کانگریس کے دور میں  دودھ پیداوارمیں  16 فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن یہ بھی ناکافی ہے  اس لئے  مزید اضافے کی خاطر اس پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے۔

شیئر: