کراچی ... رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان پتنگ پر ہی الیکشن لڑے گی۔ جن سیٹیوں پر جیتے ہوئے ہیں، ان پر اتحاد نہیں ہوگا۔ایم کیو ایم اپنی جیتی ہوئی سیٹیں کسی کو نہیں دے گی۔ہمارے سپورٹر افواہوں پر ذہن خراب نہ کریں ۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں متحدہ کے رہنما کنور نوید نے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایم کیو ایم اپنے پرچم، منشور اور انتخابی نشان کے ساتھ موجود رہے گی تاہم پی ایس پی سے الائنس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل کی پریس کانفرنس کے بعد کچھ ابہام پیدا ہو گئے تھے جنہیں دور کرنا ضروری تھا۔ پی ایس پی سے ویسا ہی اتحاد کرنے جا رہے ہیں جیسا متحدہ مجلس عمل اور آئی جے آئی تھا۔ فاروق ستار نے بھی سیاسی اتحاد کی بات کی تھی۔ سیاسی اتحاد بنتے رہتے ہیں۔ ایم کیو ایم بطور سیاسی جماعت اپنے پرچم، پتنگ اور منشور کیساتھ قائم رہے گی۔