اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹی وی پر کہانیاں سنانے والو ں کا مقابلہ کر نا جانتے ہیں ۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت قائم ہوئی تو نواز شریف نے مجھے پٹرولیم کا قلمدان سونپا جو میرے لئے حیران کن تھا تاہم2 ہفتے میں ہی مجھے احساس ہوگیا کہ ملک میں اضافی گیس نہیں لا ئے تو توانائی کا بحران ختم ہونے والا نہیں ۔ بہت سے لوگوں نے تنقید کی تاہم اس سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ مسئلہ بہت واضح تھا کہ ملک کو اضافی گیس چاہیے۔ اس پر کام کیا ۔ آج ان اقدامات کے نتیجے میں توانائی بحران پر قابو پالیا گیا ۔ یہ صورتحال چیلنج تھی۔حکومت نے مشکلات کے باوجود کام کر کے دکھایا ۔ٹی وی پر لوگ جو کہانیاں سناتے ہیں ‘ان سب کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 70 سالوں میں 17ہزار میگار واٹ بجلی بنائی گئی۔ حکومت نے محض ساڑھے چار سال کی انتہائی کم مدت میں 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر کام کیا ہے۔دنیا کے چند ممالک ہی ایسا کر سکے ہیں ۔