Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 15 جون ، 2025 | Sunday , June   15, 2025
اتوار ، 15 جون ، 2025 | Sunday , June   15, 2025

پاک،ایران دفاعی تعاون بڑھانے پر متفق

تہران /راولپنڈی... آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بدھ کو تہران میں ایرانی وزیردفاع بریگیڈیئر جنرل عامر حاتمی سے ملاقات کی ۔دونوں ملکوں نے اپنی سرزمین ایکدوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے ، دفاعی تعاون بڑھانے، سرحدی گشت، انٹیلی جنس کے تبادلے اوربارڈرز کمانڈرز کے درمیان ہاٹ لائن رابطے پر اتفاق کیا۔جنرل باجوہ ایران کے دورے پرہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے ایرانی پاسداران انقلاب ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ا س موقع پر ایرانی وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان کےساتھ دفاعی تعاون کوفروغ دینا چاہتے ہیں۔ ایرانی خارجہ پالیسی میں پاکستان کواہم مقام حاصل ہے۔ہماری پالیسی ہے کہ ہمسایوں سے بہتر تعلقات بنائے جائیں۔ ایران پاکستان کی سلامتی کواپنی سلامتی کی طرح سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سیکیورٹی اوراستحکام کیلئے پاکستانی دفاعی و عسکری کامیابیوں کی حمایت کرتے ہیں۔علاقائی ممالک کی سالمیت اور ان سے یکجہتی ایران کی خارجہ پالیسی کامستقل حصہ ہے۔ایرانی وزیردفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ اس موقع پر جنرل باجوہ نے کہا کہ دہشتگردوں کو روکنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔دریں اثناءڈی جی آئی ایس پی آر اور ایرانی جنرل اسٹاف افسر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آرمی چیف دوستی اور تعاون کا پیغام لیکر آئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرحد پر دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے سب کچھ کیا۔ پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں۔ انہوں نے ایرانی میڈیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کامیابیوں اور قربانیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شیئر: