لکھنؤ۔۔ آج یہاں بی جے پی کے ایک سینیئر لیڈر اور سابق کارپوریٹر اتل دکشت نے سارے قانون قاعدے توڑ کر نہ صرف ووٹ دہندگان میں ناجائز مشروب پیش کیا بلکہ اعتراض کرنے پر علاقے کے سب انسپکٹر کو بھدی گالیاں دیں اور دھمکی دی کہ حکمراں جماعت کے ورکرزسے نہ الجھنا ورنہ وردی اتروالی جائے گی۔ یہ واقعہ آج بلدیاتی الیکشن کے موقع پر تال کٹورہ میں پیش آیا جہاں بی جے پی کے کارکن اتل دکشت کی قیادت میں غریب آبادیوں میں جاکر شراب کے پاؤچ تقسیم کررہے تھے اس کی خبر جب تھانہ تال کٹورہ کے انسپکٹر کو ہوئی انھوں نے وہاں پہنچ کر بی جے پی ورکرز اور لیڈر کو ٹوکا اس کے جواب میں انسپکٹر کو بی جے پی کارکنوںنے بری طرح گالیاں دیں اور ان کے لیڈر نے نوکری چھین لینے کی دھمکی بھی دی۔ اس کی شکایت جب ایس ایس پی لکھنؤ دیپک کمار سے کی گئی تو انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جانچ کرکے کارروائی کی جائے گی ۔واضح ہو کہ اس پورے واقعے کی ویڈیو فلم تیار کرکے وائرل کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ویڈیو کی حقیقت کا پتہ لگایا جائے گا کہ کس نے بنایا ہے اور حقیقت کیا ہے ۔