اسلام آباد..مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے نئی حلقہ بندیوں پر آئینی ترمیم کا تنازع حل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ(ن) کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ۔ حمزہ شہباز ، چوہدری نثار، راجہ ظفر الحق، احسن اقبال، ایاز صادق، طارق فضل ، طلال چوہدری ، احسن اقبال، خواجہ آصف اور خواجہ سعدرفیق سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور قومی اہمیت کے معاملات سمیت سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے 5 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں زاہد حامد، سعد رفیق، امیر مقام، ایاز صادق اور عبد القادر بلوچ شامل ہونگے۔ اجلاس میں نوازشریف کا احتساب عدالت میں پیشی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ۔حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم اور 2018 کے انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ 10 نومبر تک ترمیم نہ ہونے کی صورت میں بروقت الیکشن کا انعقاد مشکل ہو جائے گا۔