اسلام آباد...سابق وزیر اعظم نواز شریف جمعرات کی صبح قومی ایئر لائن کی پرواز 786 سے اسلا م آباد پہنچ رہے ہیں۔ جمعہ کو احتساب عدالت میں پیش ہونگے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف واپسی کے لئے لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ پہنچ گئے ۔ دریں اثناء روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جیلیں پہلے بھی دیکھی ہیں ۔جمعہ کو نیب کے ایک جھوٹے مقدمے میں پیشی ہے۔ پاکستان میں میرے خلاف کون سا اسکینڈل ہے۔ یہ سب کچھ کیا ہو رہا ہے۔ سمجھ نہیں آرہا ۔میں نے ایک پیسے کی بھی کرپشن نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظام میں بہت تضادات ہیں ۔ سپریم کورٹ نے پانامہ کے بجائے اقامہ پر سزا دی پھرہائی جیکنگ کیس میں مجھے کس قانون کے تحت سزا دی گئی ۔نیب کا موجودہ کیس بھی ہائی جیکنگ کیس جیسا ہے۔ افسوس ہے کہ اہلیہ کی بیماری کے دوران بوگس کیس چل رہا ہے۔ یہ سب ہمارے ساتھ 99سے ہو رہا ہے۔4 سال پوری دیانتداری کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے۔ کیوں ہر10 سال بعد اپنا ملک چھوڑوں۔انہوں نے کہا کہ نیب ریفرنس کے ذریعے جج کو اوپر بٹھا کر یہ کوئی نہ کوئی سزا یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ اقامے پر سزا سے ملنے والی شرمندگی اور مذاق سے بچا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی فرار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ یہ وقت کینسر کی مریضہ اپنی اہلیہ کا ساتھ دینے، خیال رکھنے کا تھا۔ ڈاکٹروں کا بھی یہی خیال تھا کہ وہ جتنا ان کو وقت دیں اتنا بہتر ہے لیکن کلثوم نواز کی کیموتھراپی ہونے کے باوجود اپنے خلاف عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے پاکستان جارہا ہوں۔ اس سے قبل ایک بیان میںنواز شریف نے کہا کہ کارکنوں کی قربانیوں ، جدوجہد اور قیادت سے لازوال وابستگی پر فخر ہے۔ پاکستا ن کی ترقی اور استحکام کیلئے دعا کریں۔ سابق وزیراعظم نے پارٹی کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں میرے دل میں بستے ہیں اللہ کی مدد اور نصرت پر یقین رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی قربانیوں ، جدوجہد اور قیادت سے لازوال وابستگی پر فخر ہے۔ کارکن پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے دعا کریں۔نواز شریف نے پارٹی کارکنوں کو ائیر پورٹ نہ آنے کی درخواست کی اور کہا کہ کارکنوں کے پیار اور جذبات کی قدر کرتا ہوں ۔