Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

غیر آئینی اقدام کے منتظر لوگوں کو مایوسی ہوگی،احسن اقبال

کراچی ...وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات سے قبل کسی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ۔آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔ غیر آئینی اقدام کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ملک میں مزید تجربات کی گنجائش نہیں ۔ماضی میں جمہوریت اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہ رہنے سے ملک کو نقصان اٹھانا پڑا ۔ منگل کو آرٹس کونسل کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ محمد شاہ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا حساس طبقہ مزاحمتی تحریکوں کا حصہ رہا ہے۔ اس نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگالیوں کے پاکستانی ہونے پر شک کیاگیا تو وہ ہم سے علیحدہ ہوگئے ۔اس لئے اب اس سوچ کو تبدیل کرناہوگا ،صوبوں کو اہمیت دینی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ صوبوں میں احساس محرومی سب سے زیادہ دور آمریت میں بڑھا ۔پاکستان میں جمہوری قوتوں کوا نیشنل ڈائیلاک کرنا چاہئے۔اس کا اظہار نوازشریف اور رضاربانی بھی کرچکے ہیں ۔تمام سیاسی قوتوں کو غیر آئینی اقدام کیلئے متحدہ ہوناچاہئے۔ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے میثاق جمہوریت کوآگے بڑھاناچاہیے ۔انہوںنے کہا کہ کچھ نئے سیاسی کھلاڑیوں نے معاملات کو انا کا مسئلہ بنالیا ۔جمہوریت عمل میں ایک دوسرے کا احترام کرناچاہئے ۔کسی ایک پر کہنے پر سب کو چور نہیں کہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جب بھی جمہوریت کا حق چھینا گیاتو ملک میں مافیاوں کی اجارہ داری قائم ہوگئی ۔گذشتہ حکومت کے5 سال مکمل ہونے سے دنیا کو یہ پیغام پہنچا کہ اب سنجیدہ ہوچکے ہیں ۔اب ملک میں مزید تجربات کی گنجائش نہیں ۔4جون 2018کو پارلیمان اپنی مدت پورے گی ۔آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت اگست 2018میں ہی ہوں گے ۔ایک تانگا پارٹی ہے۔ پتہ نہیں اسے کون چلاتاہے ۔اداروں میں بد انتظامی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عسکری قیادت اپنا موقف واضح کرچکی ہے ۔ غیر آئینی اقدام کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو مایوسی ہوگی ۔
 

شیئر: