ٹوکیو۔۔نیٹو سربراہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائلوں کی پہنچ یورپ تک ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں وہ پوری دنیا کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سلامتی اور دفاعی امور کے ماہرین اورافسران سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو سربراہ جینس اسٹولنبرگ کاکہنا تھا کہ شمالی کوریا صرف جاپان نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرہ بن گیا ہے اور اسکے میزائلوں کی پہنچ یورپ تک آگئی ہے جبکہ نیٹو ممبران تو پہلے ہی خطرے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ نیٹو نے اپنے اتحادیوں کو شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں سے بچانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور نیٹو کسی بھی جارحیت کا موثرجواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جینس اسٹولنبرگ کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ نے حالیہ چھٹے جوہری میزائل تجربے سے دنیا بھرکی سلامتی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے اور شمالی کوریا کے میزائل کی پہنچ امریکی سرزمین تک بھی ہوگئی ہے۔جینس اسٹولنبرگ نے کہا کہ نیٹو شمالی کوریا پر سیاسی، سفارتی اور اقتصادی دبا کو بڑھانے کی حمایت کرتا ہے اور ستمبر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کا بھی خیر مقدم کرتا ہے لیکن سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ لگائی گئی پابندیوں پراس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ نیٹوسربراہ دورہ جاپان پر ہیں جہاں وہ جاپانی وزیراعظم اور وزیردفاع سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کریں گے۔