اسلام آباد... احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں عدم پیشی پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرد ئیے۔سماعت2 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ وزیر خزانہ کے خلاف پیر کو اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرد ئیے۔ عدالت نے ان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث نے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ طبی معائنے کیلئے لندن چلے گئے۔ جمعرات کو عدالت میں پیش ہوجائیں گے ۔گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر کیس کو التوا کا شکار کیا جارہا ہے۔ ایک ماہ پرانا میڈیکل سرٹیفکیٹ آج عدالت میں پیش کیا گیا۔کسی ملزم نے بیرون ملک جانا ہے تو پہلے عدالت سے اجازت لینی چاہیے۔و اضح رہے کہ نیب ریفرنس میں اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔