لندن...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو اچھے کاموں کا کریڈٹ دینا چاہئیے ۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام آیا تھا ۔ سی پیک کامیابی سے چل رہا تھا ۔ ڈیڑھ ڈیڑھ سال میں منصو بے مکمل ہو رہے تھے ۔ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتیں کمزور ہوں تو ملک کی ترقی خاک میں مل جاتی ہے ۔ پانامہ کے بجائے اقامے پر نکال دیا جائے تو کیا خاک ترقی ہو گی؟ ۔ ملک میں کس طرح استحکام اور خوش حالی آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، کراچی کے لوگوں سے پوچھیں کہ 4 سال پہلے شہر کے حالات کیا تھے۔ کراچی میں امن کو بحال کیا اور ملک میں دہشتگردی پر قابو پایا۔ جو منصوبے ملک کی تاریخ میں 10، 10 سال مکمل ہوتے تھے وہ اب ڈیڑھ برس میں مکمل ہورہے ہیں۔اس کا سہرا موجودہ حکومت کو دیاجانا چاہیے۔انہوںنے مزید کہا کہ جب حکومت کمزورہوتی ہے تو ملک کمزور ہوتا ہے۔پاکستان میں استحکام آیاتھا لیکن اب ملک دوبارہ مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ جب سے مجھے نکالا گیا ہے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے۔ ہم ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو 10 قدم پیچھے جانا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جلد وطن واپس آوں گا ۔ اس حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔