اسلام آباد...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہدایت کی ہے کہ کم پیداواری استعداد والے بجلی گھروں کو مرحلہ وار گیس پرمنتقل کیاجائے۔ بجلی کی پیداوار او ررسد وطلب کاجائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تیل سے چلنے والے بجلی گھروں کی گیس پر منتقلی اور ان کی پیداواری استعداد میں اضافے سے نہ صرف تیل کے درآمدی بل میں کمی لانے بلکہ بجلی کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں آئندہ 4 ماہ میں بجلی کی متوقع پیداوار اورطلب کابھی جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ4 ماہ کے دوران بجلی کی اوسط طلب 14ہزار452 میگاواٹ ہے۔ اوسط پیداوار 16ہزار 865 میگاواٹ رہے گی۔ آئندہ 4 ماہ میں 2ہزار400میگاواٹ سے 3 ہزار 400 میگاواٹ تک اضافی بجلی متوقع ہے۔ شاہدخاقان نے بجلی کی پیداوار اور بنیادی ڈھانچے کے سرکاری اور نجی اداروں اورپاکستان ایل این جی ٹرمینلز کے درمیان وسیع تر تعاون اور رابطوں کی بھی ہدایت کی تاکہ بجلی کے شعبے کیلئے زیادہ سے زیادہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔انہوںنے بجلی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پربھی زوردیا۔