واشنگٹن ... امریکی معاون وزیر خارجہ الیکس جی ویلز نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستان سے ایسا ساز گار ماحول پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنے کی توقعات ہیں جس سے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد ملے گی۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دور انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ ٹلر سن نے پاکستانی قیادت کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ہے۔ جنوبی ایشیا کے بارے میں نئی حکمت عملی کو اجاگر کیا اور یہ پیغام دیا کہ مستحکم اور پرامن افغانستان سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ قریبی طور پر کام کیا ہے۔ پاکستان نے ان دہشت گرد گروپوں کو شکست دینے کے لئے اہم فیصلے کئے ہیں جو خود اسے بھی نشانہ بنارہے ہیں۔ پاکستان نے بڑے تدبر، حوصلے اور قربانیوں کے بعد فاٹا کے علاقوں پر دوبارہ کنٹرول اور خودمختاری حاصل کی ہے۔انہوں نے جنرل باجوہ کے کابل کے حالیہ دورے کا خیر مقدم کیا جس میں دونوں ملکوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ نے کوئی ڈکٹیشن نہیں دی ۔ پاکستان کی قیادت کے سامنے اپنی حکمت عملی کی وضاحت کی ہے۔ واشنگٹن پاکستان کے کردار کو انتہائی اہم سمجھتا ہے جو خطے کاایک اہم ملک ہے۔